بھٹکل:19/ڈسمبر (ایس او نیوز) شہر سے متصل گلمی علاقہ میں گانجہ اور نشیلی اشیاء کو گھروں میں جمع کرکے فروخت کرنے کی خبریں گردش میں تھیں، اسی الزام کے پیش نظر مقامی عوام کے تعاون سے سی پی آئی سریش نایک کی قیادت میں دیہی پولس تھانہ پولس عملہ نے گلمی علاقہ کے 3گھروں پر چھاپہ مارتے ہوئے گانجہ اور نشیلی اشیاء کو ضبط کرتے ہوئے 3افراد کو گرفتارکیا ہے۔
گرفتار شدگان کی شناخت گلمی علاقہ کے فاطمہ ، حسین ، نفیسہ کے طورپر کی گئی ہے۔ تینوں گھروں سے 7کے جی 250گرام وزنی گانجہ ضبط کرلیا گیا ہے۔ ملزمان پر الزام لگایا گیا ہے کہ دیگر شہروں سے گانجہ وغیرہ لاکر ان کی چھوٹی چھوٹی چٹیاں بنا کر مختلف مقامات پر بیچنے کے لئے سپلائی کیا کرتے تھے۔ ساگر، شیموگہ ، منگلورو سے بھٹکل کو گانجہ سپلائی ہونے کی گہرا شک ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح شہر اور نواحی علاقے کے نوجوان گانجہ کی تلاش میں علاقہ میں گھومتے رہنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ حالیہ دنوں میں تعلقہ کے دیہی علاقوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد گانجہ کی لت میں مبتلا ہونے سے تشویش کا اظہار کیا جارہاتھا۔ ملزمان کو کاروار کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ تحصیلدار وی این باڈکر جائے واردات پہنچ کر جائزہ لئے ہیں، بھٹکل دیہی پولس تھانے میں کیس درج ہواہے، جانچ جاری ہے۔
تنظیم وفد کی ڈی وائی ایس پی سے ملاقات
مجلس اصلاح وتنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری کی قیادت میں تنظیم کا ایک وفد بھٹکل ڈی وائی ایس پی شیو کمار سےملاقات کرتے ہوئے زور دیا کہ شہر سے متصل علاقوں میں گانجہ اور نشیلی اشیاء کی فروخت کاری میں بے تحاشہ اضافہ دیکھا گیا ہے ، کئی نوجوان اس کی لت سے برباد ہورہے ہیں، پولس محکمہ متحرک رہتے ہوئے جو کوئی گانجہ فروخت کاری میں ملوث ہے ان کو گرفتار کرتے ہوئے کیفر ِ کردار تک پہنچائے ۔ اگر اس سلسلے میں پولس محکمہ اقدام نہیں کیا توملک کے مستقبل نوجوان برباد ہوتے رہیں گے اور اس سے سماج میں کئی ایک برائیاں بھی جنم لیں گی ۔ اس موقع پر صدیق میراں، عنایت اللہ شاہ بندری ، محمد صادق مٹا، مولانا سید یاسر برماور ندوی ، مولانا عزیز الرحمن ندوی وغیرہ موجود تھے۔